جئے پور، 18؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان کی کانگریس حکومت اب مزید مضبوط ہو گئی ہے۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) صدر مایاوتی کو راجستھان میں بڑا جھٹکا لگا ہے۔ راجستھان کے سبھی 6 اراکین اسمبلی کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اسمبلی میں کانگریس کے کل اراکین اسمبلی کی تعداد 106 ہو گئی ہے۔
راجستھان اسمبلی میں کل 200 سیٹیں ہیں۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 100 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے پہلے کانگریس آر ایل ڈی کے ایک رکن اسمبلی، بی ایس پی کے 6 اور 12 آزاد اراکین اسمبلی کی حمایت سے حکومت چلا رہی تھی۔
پیر کی رات ہوئے اس انضمام پر بی جے پی میں بے چینی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر ستیش پونیا نے کہا کہ ’’یہ اشوک گہلوت کے دل میں بیٹھے عدم تحفظ کے احساس کو ظاہر کرتا ہے۔ نائب وزیرا علیٰ سچن پائلٹ نے نظامِ قانون سے متعلق ان پر سوال اٹھایا ہے۔‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ وہی بی جے پی ہے جو کئی ریاستوں کی حکومتوں کو اب تک ’توڑ-پھوڑ‘ کے ذریعہ پریشان کرتی آ رہی ہے۔ کئی بار بی جے پی کھل کر دوسری پارٹی کے اراکین اسمبلی کو توڑنے کی دھمکیاں بھی دے چکی ہے۔